کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی ایرانی سفارت خانے آمد ہوئی۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کے ایرانی سفارت خانے کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ بھی ساتھ تھے، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو نے ایرانی قونصل جنرل حسن نورین سے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔
بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے جاں بحق ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ قیمتی زندگیوں کے ناقابل تلافی نقصان پر ایران کے عوام سے اظہار رنج و غم کرتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے ابراہیم رئیسی اور امیر عبداللہیان کے متحرک کردار اور گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ امیر عبداللہیان سے متعدد مثبت ملاقاتوں میں ایک قلبی تعلق قائم ہوا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام ایران کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔