پائیدار ترقی کیلئے ہمیں ماحول دوست ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا: مصدق ملک

Published On 22 May,2024 11:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کیلئے ہمیں ماحول دوست ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ کہ ہمیں عدم استحکام کا سامنا ہے، ہم نے استحکام کو دو حصوں میں تقسیم کردیا، پہلا ہے ماحولیات استحکام ، ہمارا کاربن پرنٹ صفر ہے، اگر پوری دنیا کا ہیٹ میپ بنایا جائے تو اس میں پاکستان نہیں ملے گا، ہم گلیشیئرز کے دہانے پر واقع ہیں اور موسمیاتی تبدیلی بھی ہو رہی ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ سب تبدیل ہوجاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیراج میں پانی کے زیادہ بہاؤ سے پاکستان کی فوڈ سکیورٹی کو بھی خطرہ لاحق ہوجاتا ہے، ہم نے حال ہی میں سندھ میں بدترین سیلاب دیکھا، ہزاروں گاؤں پانی میں بہہ گئے اس لیے ہمیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا پڑے گا، یہ ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرا استحکام مالیاتی ہے، ہماری کل ایکسپورٹس 30 ارب ڈالرز ہیں لیکن اگر ہماری توانائی کی درآمد ہی 20 ارب ڈالر ہو گی تو ہم معاملات کو کیسے کنٹرول کریں گے؟ اس طرح کام نہیں کیا جا سکتا۔

مصدق ملک نے کہا کہ اب سوال یہ ہے کہ اس مسئلے کو کیسے حل کیا جائے؟ سب سے پہلے ہم پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار بڑھانا چاہتے ہیں، ہم اس پر کام کر رہے ہیں، ہم نے مختف پالیسیز بنائی ہیں، چھوٹی کمپینیز کی کنسورشیم بنانے کے لیے حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، بین الاقوامی پلیئرز کو بھی مدعو کر رہے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی ترقی کے لیے انرجی سکیورٹی بہت ضروری ہے، پائیدار ترقی کے لیے ہمیں ماحول دوست ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا، توانائی کی ضرورت پوری کرنےکے لیے ملکی وسائل کو بروئےکار لانا ہوگا۔