اسلام آباد: (دنیانیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی چھ اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک درخواستِ ضمانت پر سماعت 4 جون تک ملتوی کردی ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی چھ اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواستِ ضمانت پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے کی۔
بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی جانب سے وکلاء مرزا عاصم، زاہد بشیر، فتح اللہ عدالت پیش ہوئے ، پی ٹی آئی وکلاء نے سماعت ملتوی کرکے آئندہ تاریخ پر دلائل دینے کی استدعا کردی ۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ آج 190 ملین پاؤنڈ کیس اور دوپہر میں سائفر کیس کی سماعت ہے، جس پر جج افضل مجوکا نے کہا کہ میں گزشتہ سماعت پر بھی لمبی تاریخ دینا چاہ رہا تھا، آپ نے ہی ضمانتوں پر دلائل کے لیے آج کی تاریخ رکھوائی۔
پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ ہمیں لگا سائفرکیس ختم ہوجائے گا لیکن آج سماعت مقرر ہے، پچھلی سماعت پر اڈیالہ جیل حکام نے بتایا تھا کہ ویڈیو لنک سسٹم ہری پور سے آرہا، ویڈیو لنک کا سسٹم آچکا، اڈیالہ جیل حکام کو ویڈیو لنک پر بانی پی ٹی آئی کی حاضری کی ہدایت کی جائے۔
عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان ، بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانتوں پر سماعت 4 جون تک ملتوی کردی۔