اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ روٹین کی ملاقات ہوئی ہے۔
بیرسٹر گوہرنے کہا کہ عمران خان کے ساتھ پاکستان کے سیاسی اور لیگل معاملات پر بات چیت ہوئی، این اے 148 کے الیکشن پر بھی بات ہوئی ہے، ایک آئینی ادارے کی ذمہ داری ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات کرائے، الیکشن کمیشن کی آئینی ادارے کی حیثیت سے ساخت ختم ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہبازشریف کی بات پر تبصرہ کیا ہے، شہبازشریف کہتے ہیں عوام قربانی دیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اس بار شریف برادران اور آصف زرداری قربانی دیں، این اے 148 الیکشن میں بیرسٹر تیمور ملک کو آر او آفس میں جانے کی اجازت نہیں دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آج پہلی بار دبئی لیکس پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے، بانی پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے جن کے دبئی لیکس میں نام آئے وہ منی ٹریل دیں، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم این اے 148 کے رزلٹ کو مسترد کرتے ہیں، یہ جیتے ہوئے نہیں ہارے ہوئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہتک عزت قانون کو مسترد کرتی ہے، 8 جون کو اسلام آباد میں ہمارا جلسہ ہوگا، ہمیں عدالتوں سے امید ہے جلد فیصلے ہوں گے تو بانی پی ٹی آئی اسی ماہ باہر ہوں گے۔