لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سمیت دیگر کے خلاف مقدمات کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے علیمہ خان، عظمیٰ خان، عمر ایوب اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری سمیت دیگر کیخلاف 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور عمر ایوب سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے، پراسیکیوشن نے آج بھی ملزمان کا ریکارڈ پیش نہ کیا جس پر عدالت نے ناراضی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:اگر ہم نے جلاؤ گھیراؤ کیا تو ہمیں جیل بھیج دیں: علیمہ خان
اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے حکم دیا کہ پراسیکیوشن ملزمان کو شامل تفتیش کرنے کا کوئی طریقہ کار طے کرے، مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کا طریقہ کار ملزمان کو آج شام تک بتایا جائے۔
بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان سے تفتیش کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے علیمہ خان، عظمیٰ خان، عمر ایوب اور فواد چودھری سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 29 جون تک توسیع کر دی۔