اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی مبینہ بیٹی ٹیریان کو چھپانے پر نااہلی کیس کی سماعت آج ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف کی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر نااہلی کیس کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا تین رکنی لارجر بینچ آج کرے گا، جسٹس ارباب محمد طاہر، جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی بینچ میں شامل ہیں۔
قبل ازیں چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کر رہا تھا، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر اُس لارجر بینچ کا حصہ تھے، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب طاہر نے اپنی رائے ویب پر اپ لوڈ کی تھی، ججز نے ٹیریان کیس ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔
دونوں ججز کی رائے کو ہائیکورٹ کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا، چیف جسٹس سے مشاورت کے بغیر ججز نے اپنی رائے کو فیصلہ قرار دے کر اپلوڈ کرایا تھا، چیف جسٹس کے دستخط سے فیصلہ جاری نہ ہونے کے باعث معاملہ کی انکوائری کا آرڈر دیا گیا تھا۔