ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کا پولیس افسران کی نگرانی میں میڈیکل کرا دیا گیا

Published On 22 May,2024 02:40 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کو حملے کے بعد پمز ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کا مکمل میڈیکل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان تحریک انصاف رؤف حسن کا پمز ہسپتال میں میڈیکل پولیس افسران کی نگرانی میں کیا گیا، رؤف حسن نے زخم میں شدید تکلیف کی شکایت کی، ان کے چہرے پر گہرے کٹ کے باعث ٹانکے لگائے گئے، اس موقع پر علی بخاری، عامر مسعود مغل، ایڈوکیٹ مرتضیٰ طوری، شعیب شاہین، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، خالد یوسف چودھری اور سینیٹر ڈاکٹر زرقہ تیمور بھی موجود تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ سراؤں کا ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن پر بلیڈ سے حملہ، چہرہ زخمی کر دیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز نجی چینل کے دفتر کے باہر ترجمان تحریک انصاف رؤف حسن پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے، 4 حملہ آوروں نے رؤف حسن کے چہرے پر تیز دھار آلے سے وار کیا۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ میں پروگرام کی ریکارڈنگ کیلئے جی سیون سیکٹر میں نجی ٹی وی کے دفتر گیا، پروگرام کی ریکارڈنگ کے بعد جب ٹی وی کے آفس سے نکلا تو چار ملزمان نے حملہ کیا۔

رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ملزمان بظاہر خواجہ سرا نظر آ رہے تھے، ملزمان نے قتل کی نیت سے میرے پر حملہ کیا، میرے اوپر تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا، میری کسی سے کوئی ذاتی رنجش نہیں، میرے پر حملہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔