لاہور: (دنیا نیوز) رنگ روڑ توسیع کی منظوری میں مبینہ بدعنوانیوں کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کی اہلیہ قیصرہ الہٰی، راسخ الہٰی اور زرا الہٰی کی ضمانتیں خارج کروانے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ 29 مئی کو درخواستوں پر سماعت کرے گا، عدالت نے وکلاء کو دلائل کے لیے طلب کررکھا ہے۔
یاد رہے کہ 16 مارچ کو لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے رنگ روڑ منصوبے کی توسیع کی منظوری میں مبینہ بدعنوانی کے مقدمہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی سمیت دیگر کی ضمانت میں 22 مارچ تک توسیع کردی تھی۔
اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے جج صفدر حسین بھٹی نے 22 مارچ کو محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کیس میں قیصرہ الہٰی، راسخ الہٰی اور زارا الہٰی کی عبوری ضمانتیں 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض کنفرم کی تھیں۔