اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رفح فلسطین میں فوجی آپریشن روکنے سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اپنے بیان میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کو روکنے کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ خوش آئند ہے، عالمی عدالت نے اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے تلخ حقائق دنیا کے سامنے عیاں کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے بعد رفع میں7 مئی سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، 36 ہزار سے زائد فلسطینیوں کا قتل عام، جن میں بڑی تعداد میں معصوم بچے اور عورتیں شامل ہیں پر انسانیت شرمندہ ہے، اسرائیل فلسطین میں 84 ہزار سے زائد افراد کو زخمی اور لاکھوں کو بے گھر کرنے کے بعد بھی اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں مظاہروں اور عالمی عدالت کے فیصلوں کے باوجود بھی اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی نہیں روکی جو کھلم کھلا دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح میں فوجی آپریشن فوری روکنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے کہا کہ اسرائیل ایک ماہ میں اس حکم کے تحت کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرے۔