اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطین میں نسل کشی کے خلاف دائر مقدمے پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی آپریشن روکنے کے عالمی عدالت کے فیصلے پر فوری عمل کرائے، رفح میں آپریشن روکنے کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد سے دنیا میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مظلوم انسانیت کے حق میں فیصلہ دینے والے تیرہ ججوں اور پٹیشن دائر کرنے پر جنوبی افریقہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان نے جنوبی افریقہ کی پٹیشن کی حمایت کی تھی، آئندہ بھی تمام فلسطینیوں کا کیس لڑتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو رفح میں فوجی آپریشن فوری روکنے کا حکم
شہباز شریف نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کو غزہ اور رفح میں فوری رسائی دی جائے، فیصلہ مظلوم انسانوں کی فتح ہے، فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ راستے کھولنے، غذائی اور طبی امداد کی فوری فراہمی کے فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے تاکہ مظلوم انسانوں کوریلیف مل سکے، پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔