سندھ میں سویلین ڈکٹیٹر شپ نافذ، پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے پر ورکروں کو اٹھایا جارہا: حلیم عادل

Published On 27 May,2024 06:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں سویلین ڈکٹیٹر شپ نافذ ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کراچی پریس کلب کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مراد علی شاہ چیف منسٹر ہیں یا چیف مارشل لاء ہیں، پوری دنیا میں کچھ ایسی جگہیں ہوتی ہیں جہاں لوگوں کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے میں آزادی ہوتی ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم پریس کلب کے سامنے بیٹھے ہیں، میں نے پولیس کی گاڑیاں دیکھیں تو سمجھا کچے میں آئے ہوئے ہیں، معلوم ہوا یہ پریس کلب ہے، ہم پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا رہے ہیں اس کے جواب میں ہمارے ورکرز کو اٹھایا جاتا ہے۔

صدر پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ ہم ہر آئینی طریقہ استعمال کررہے ہیں قانون کو ہاتھ میں نہیں لے رہے، آپ ہمیں چیخنے کی اجازت بھی نہیں دیں گے، ہم بڑی تعداد میں نشستیں جیتے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں انتظامیہ گردی ہورہی ہے، صحافی نصر اللہ کے قتل کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔