جیل میں قید شخص ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے : شرجیل میمن

Published On 28 May,2024 02:53 pm

کراچی: (دنیانیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جیل میں قید شخص اپنے حواریوں سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ملک کی تاریخ کا اہم دن ہے آج کے دن پاکستان میں ایٹمی دھماکے کیے تھے، ایٹمی دھماکوں کا مقصد پوری دنیا کا بتانا تھا ، ہمارا ملک کمزور نہیں ایٹمی طاقت ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ایٹمی ٹیکنالوجی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے جنہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت دی ، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پوری فیملی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی قیمت ادا کی ۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں بیٹھے شخص کے انٹرویو بھی چل رہے ہیں اور آرٹیکل بھی چھپ رہے ہیں ، یہ شخص جیل میں بیٹھ کر حکومت بھی بنا رہا ہے سارے کام کر رہا ہے، غلط ویڈیوز چلا کر ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی لڑائی کسی سیاسی جماعت یا ادارے سے نہیں ، سقوط ڈھاکا ہواتو بہت سے معصوم لوگوں کی جانیں گئی تھیں، حقائق کو توڑ مروڑ کر ایک کہانی بیچنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہاں بیٹھ کر شیخ مجیب الرحمان کی باتیں کروں تو ٹھیک نہیں، کل پاکستان کے خلاف گھناؤنی سازش کی گئی، اداروں کی بیساکھیوں سے آپ نے سیاست میں قدم رکھا، احسانات آپ کے اوپر ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ یہ شخص اقتدار میں تھا تو تب ایسی باتیں کیوں نہیں کرتا تھا جو آج کر رہا ہے، نو مئی کو جو پورے ملک کے ساتھ ہوا ، سب نے دیکھا نوجوان نسل کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ، بانی پی ٹی آئی فوج اور ملک کو تقسیم کررہا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری14 سال قید و بند میں رہے اس وقت کسی کو ناانصافی نظر نہیں آئی شہید عوام ذوالفقار علی بھٹو کو غیر آئینی طور پر سزا دی گئی، کسی کو ناانصافی نظر نہیں آئی، نیا فیشن چل پڑا ہے کہ اقتدار دو ورنہ اداروں کے خلاف مہم چلاؤں گا، پیپلز پارٹی نے جبر برداشت کئے لیکن کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی۔