راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج اقوام متحدہ کے امن دستوں کا دن منایا جارہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے عالمی پیس کیپرز ڈے کے موقع پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دن منانے کا مقصد اقوام متحدہ امن مشنز کیلئے خدمات انجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان امن مشنز میں سب سے زیادہ حصہ لینے والے ممالک میں شامل ہے، اس وقت3 ہزار سے زائد جوان اور افسران امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں، یہ امن دستے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، جنوبی سوڈان، وسطی افریقی جمہوریہ، قبرص، مغربی صحارا اور صومالیہ کے امن مشنز میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ 1960 سے لے کر اب تک پاکستان نے دنیا کے تقریباَ تمام براعظموں سمیت 29 ممالک میں اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں 2 لاکھ 35 ہزار فوجیوں کو تعینات کیا۔