اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے برطانوی ہائی کمیشن کو خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے غلطیوں کا ازالہ کیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے برطانیہ بھی غلطیوں کا ازالہ کرے۔
خط رجسٹرارسپریم کورٹ نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے حکم پر لکھا، سپریم کورٹ رجسٹرار نے خط پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ کے نام بھجوایا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت کی طرف سے دکھائی جانے والی دلچسپی خوش آئند ہے، پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے 90 دن کے اندر انتخابات کرانا ضروری تھا، سپریم کورٹ نے یہ معاملہ صرف 12 دنوں میں حل کر دیا۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہا کہ آیئے ہم آبادکاروں کی نسلی برتری کے دہانے سے پیچھے ہٹیں، ہم سب اُٹھ کھڑے ہوں اور برابری، امن اور انسانیت کے لیے شمار کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ آئیے ایمان دار بنیں اور کھلے پن کے جذبے کے ساتھ ماضی کی غلطیوں کو تسلیم کریں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے ماضی میں ہونے والی غلطیوں کو تسلیم کیا ہے، ان غطیوں کا تفصیل سے ازالہ کیا ہے اور یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں کہ ان کا اعادہ نہ ہو۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے خط میں کہا کہ چونکہ کنگ چارلس تھری کی حکومت نے کھلے معاشروں اور جمہوریت کی ضرورت پر زور دیا ہے اور آپ کے ملک کے عوام کے لیے کھلے پن اور جمہوریت کے لیے اپنی تڑپ اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔