اسلام آباد: خاورمانیکا پر ضلعی عدالت میں حملے کا مقدمہ درج

Published On 30 May,2024 02:36 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا پر اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ ضلعی عدالت کے سکیورٹی انچارج کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں پی ٹی آئی وکلا نعیم حیدر پنجوتھہ ،علی اعجاز بٹر ، زاہد بشیر ڈار، عثمان گِل سمیت 6 وکلا اور 20سے 25 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق گزشتہ روز  سماعت کے دوران وکلاء اور پرائیویٹ افراد نے احاطہ عدالت میں ہلڑ بازی کی ، مجمع کی قیادت ایڈووکیٹ برکی کر رہے تھے، ایڈووکیٹ برکی نے خاور مانیکا کو للکارا کہ آج اس کو زندہ نہیں چھوڑنا، ایڈوکیٹ برکی نے خاور مانیکا کو دھکا مارا اور نعیم پنجوتھا نے مکوں سے حملہ کیا، نعیم حیدر پنجوتھہ اور علی اعجاز بٹر نے خاور مانیکا پر حملہ کیا تو وہ زمین پر گر گئے ۔

درج مقدمے میں دہشتگردی ،  کار سرکار میں مداخلت سمیت 10 سنگین دفعات بھی شامل کی گئی ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عدت نکاح کیس میں  بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کےدوران کمرہ عدالت میں پی ٹی آئی وکلا اور خاورمانیکا میں شدید تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی۔