اسلام آباد: (دنیا نیوز) نجم الثاقب، بشریٰ بی بی کی آڈیو لیکس کے خلاف درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔
اسلام اباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے تحریری حکم نامہ جاری کیا، حکم نامے کے مطابق بادی النظر میں کسی بھی حکومتی ادارے یا قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کو شہریوں کی سرویلنس کی اجازت نہیں ہے۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق شہریوں کی سرویلنس کرنے والے سرکاری اہلکار اور معاونت کرنے والی ٹیلی کام کمپنیز جرم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کی بغیر اجازت سرویلنس ان کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، کیس کی آئندہ سماعت تک کوئی بھی سرکاری ایجنسی کسی بھی شہری کی سرویلنس نہیں کرے گی۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے اور کوئی بھی ٹیلی کام کمپنی سرویلنس میں معاونت کیلئے اپنے آلات مہیا نہیں کرے گی۔