اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے اور سی ڈی اے آپریشن کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا۔
مرکزی سیکرٹریٹ ڈی سیل کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے، پارٹی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے شعیب شاہین اور عمیر بلوچ کے ذریعے درخواست دائر کی۔
درخواست میں سی ڈی اے کی جانب سے مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے، درخواست میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ارشد داد اور نسیم الرحمان دونوں پی ٹی آئی کے ممبران ہیں، ارشد داد اور نسیم الرحمان نے 17 جولائی 2020 کو ایک ایگریمنٹ کے بعد کمرشل پلاٹ خریدا۔
درخواست کے مطابق 29 جولائی 2020 کو جی ایٹ کے اس پلاٹ کے مالک سراج علی نے سی ڈی اے کو ٹرانسفر کا خط لکھا، سراج علی کے خط کے بعد سی ڈی اے نے پلاٹ پی ٹی آئی کے نام الاٹ کردیا، 23 مئی 2024 کو اچانک رات سوا 11 بجے آپریشن کا پتہ چلا۔