اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر عامر مغل کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ جلسے کی اجازت کون دیتا ہے؟ ڈپٹی کمشنر ہی دیتا ہے نا، ہم درخواست پر نوٹس کر دیتے ہیں۔
اس پر درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ کیس کو پیر کے لیے مقرر کیا جائے، اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں پیر کو موجود نہیں ہوں گا، منگل کو رکھ لیتے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے منگل تک جواب طلب کر لیا۔