اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو سیل کرنے کے دوران مزاحمت کرنے پر انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اسلام آباد کے تھانہ کراچی کمپنی میں علاقہ مجسٹریٹ محمد سجاد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر 6 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں پی ٹی آئی اسلام آباد کے رہنما عامر مغل سمیت 25 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، پولیس نے رات کو ہی عامر مغل کو پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: غیر قانونی تعمیرات مسمار، پی ٹی آئی کا مرکزی سیکرٹریٹ سیل
ایف آئی آر کے متن کے مطابق سی ڈی اے کے آپریشن کے دوران عامر مغل نے آتے ہی ہوائی فائرنگ شروع کر دی تھی، عامر مغل نے مشتعل ہجوم کے ہمراہ پولیس پارٹی پر حملے کی بھی کوشش کی۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ عامر مغل کی گرفتاری کے دوران ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔