کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں باردانہ کی غیر منصفانہ تقسیم پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے چیف سیکرٹری سندھ کو خط لکھ دیا۔
حلیم عادل شیخ نے لکھا کہ گندم خریداری کے لئے سرکاری باردانہ کسانوں کو نہیں دیا جارہا ہے، سرکاری باردانہ مارکیٹ اور سیاسی لوگوں میں فروخت ہورہا ہے، سرکاری باردانہ نہ ملنے کی وجہ سے کسان معاشی استحصال کا شکار ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 4000 روپے فی من گندم سرکاری نرخ کسانوں کو نہیں مل رہے، سندھ کے کسان اپنی گندم مارکیٹ میں 2500 روپے فی من فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
پاسکو نے نوشہروفیروز، خیرپور میراس، سکھر، نواب شاہ، دادو اور دیگر علاقوں میں اپنے مراکز کے ذریعے گندم کی خریداری شروع نہیں کی۔