اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے اپنے وکیل کے ذریعے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں ہتک عزت کیس کی گزشتہ سماعتیں کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کر دی۔
سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 15 مئی کو معلوم ہوا کہ مراد سعید کے خلاف یکطرفہ عدالتی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ ہوا ہے حالانکہ 23 اپریل کو معاون وکیل کو عدالتی عملے نے بتایا تھا کہ آئندہ سماعت 6 جون کو ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم سمجھے سماعت 6 جون کو ہے جس کے باعث ہم سے 6 مئی اور 14 مئی کی عدالتی کارروائی چھوٹ گئی، جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا سماعت کی تاریخ اوور رائٹ ہوگئی تھی، احسن اقبال نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 4 سال میں پہلی بار گواہ کا بیان ریکارڈ کروایا۔
اس کے مطابق غیر حاضری کے باعث احسن اقبال کی درخواست دو بار خارج ہوچکی ہے، مراد سعید کے خلاف سازش ہوئی لہٰذا 6 اور 14 مئی کی سماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے اور احسن اقبال کو سابق وزیر کے وکیل کی موجودگی میں دوبارہ شواہد پیش کرنے کی ہدایت دی جائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کی جانب سے ریکارڈ کی ٹیمپرنگ پر انکوائری بھی کروائی جائے۔
واضح رہے کہ آج اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنل عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج حسینہ ثقلین کی رخصت کے باعث سماعت نہ ہوسکی، سماعت اب 4 جون تک ملتوی کردی گئی ہے۔