ملک میں آئین کی کوئی حیثیت نہیں رہی، جمہوریت ہار رہی ہے: فضل الرحمان

Published On 22 May,2024 10:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئین کی کوئی حیثیت نہیں رہی، پارلیمنٹ کی اہمیت ختم ہو گئی، جمہوریت ہار رہی ہے۔

پی ٹی آئی وفد کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمر ایوب اور اسد قیصر تشریف لائے، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، اپوزیشن جماعتوں میں رابطے رہیں، سیاسی تعاون رہے، اس پر ہمارا کوئی اختلاف نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تلخیوں کو دور کرنے کیلئے آج کے ماحول میں بات چیت ضروری ہے، اختلاف ختم نہیں کر سکتے تو رویوں کو تو نرم کر سکتے ہیں۔

ہماری جدوجہد آئین اور قانون کی پاسداری کیلئے ہے: عمر ایوب

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کھلے دل سے ہمیں خوش آمدید کہا، ہمارا تعلق پرانا ہے، مفید گفتگو ہوئی، یہ بات چیت آئندہ بھی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کی پاسداری کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی، محمود اچکزئی اور ہر محب وطن کی یہی خواہش ہے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہمارے جلسے اور کنونشن پورے پاکستان میں ہوں گے، آج پاکستان میں آئین نام کی کوئی چیز ہے ہی نہیں، پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر پولیس حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کہیں سے بھی سرمایہ کاری نہیں آرہی کیونکہ اس وقت ملک میں عدل و انصاف نہیں، جمہوریت پھلے پھولے گی تو سرمایہ کاری آئے گی۔

اس وقت ملک بنانا ری پبلک بن چکا ہے: اسد قیصر

رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت ملک بنانا ری پبلک بن چکا ہے، ملاقات میں پنجاب میں گندم بحران پر بات ہوئی، جن امور پر ہم متفق ہیں ان پر بات ہوئی، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے ہمیں ایک ہونا پڑے گا،اس وقت ملک میں طاقت اور جنگل کا قانون ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کو اللہ نے طاقت اورہمیت دی ہے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ ان کو استعمال کریں، جب تک ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی نہیں ہو گی یہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے تمام طبقات کو ایک ہونا ہو گا۔

اسد قیصر نے کہا کہ جو جنگ جاری ہے یہ کسی کو گرانے کیلئے نہیں ہے، یہ قانون کی بالادستی کیلئے ہے، ملک میں اگر قانون کی بالادستی نہ ہو تو ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔