پی ٹی آئی رہنما پروپیگنڈا کے ذریعے اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں: عظمیٰ بخاری

Published On 25 May,2024 12:47 pm

لاہور:(دنیا نیوز ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے تحریک انصاف اور ان کے رہنما پروپیگنڈا کے ذریعے اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اب مزید اس پروپیگنڈے کو پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی، بانی پی ٹی آئی کو ملنے والی سہولیات پر دیگر قیدیوں کے بھی اعتراضات آرہے ہیں، سنگین ترین مقدمات میں قید مجرم سے روزانہ ملاقاتوں کی اجازت عدالتیں دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اڈیالہ جیل اور کوٹ لکھپت جیل میں قید رہے، ہفتے میں صرف ایک دن ملاقات کی اجازت ہوتی تھی، بانی پی ٹی آئی قوم کی نہیں اپنی چوریاں چھپانے کی جنگ لڑ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی قیمتی تحائف چوری، گھڑی چوری،عدت میں نکاح، سائفر لہرانے اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں جیل کاٹ رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بار بار ’قوم ہمارے ساتھ ہے‘ کا چورن بیچنا بند کر دیں، قوم نے توشہ خانہ کے چوروں اور 9 مئی کے فسادیوں کو ریجیکٹ کر دیا ہے، جیل کی تنہائی نے بانی پی ٹی آئی کو ذہنی طور پر مفلوج اور بدحواس کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اب دن رات ان کے خوابوں میں بھی وزیراعظم ہاؤس اور سرکاری ہیلی کاپٹر سیرسپاٹے ہی آتے ہیں۔