جسٹس بابر ستار کیخلاف سوشل میڈیا مہم، توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہوگی

Published On 03 June,2024 08:35 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسٹس بابر ستار کا فیملی ڈیٹا لیک کرنے اور سوشل میڈیا مہم کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں لارجر بنچ سماعت کرے گا، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان بنچ کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ 23 مئی کو ہائی کورٹ کے لارجر بنچ کی عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت نہیں ہو سکی تھی، عدالت نے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور آئی بی سے رپورٹس طلب کر رکھی ہیں۔

گزشتہ سماعت میں جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس میں ہمیں انٹر سروس انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، انٹیلیجنس بیورو (آئی بی)، ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) سمیت تمام خفیہ اداروں کے کردار کو دیکھنا ہے۔

واضح رہے کہ 6 مئی کو جسٹس بابر ستار نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں انہیں نشانہ بنانے والی سوشل میڈیا مہم کے بارے میں بتایا تھا، خط میں انہوں نے انکشاف کیا کہ آڈیو لیکس کیس میں مجھے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پیچھے ہٹ جاؤ۔