کوئٹہ: (دنیا نیوز) یوسی سنجدی کی کوئلہ کان میں گیس لیکیج سے دم گُھٹنے سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی بلوچ کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 9 مزدور، ایک ٹھیکیدار اور ایک مائن منیجر شامل ہے، تمام جاں بحق افراد کا تعلق سوات سے ہے۔
عبدالغنی بلوچ کا مزید کہنا ہے کہ حادثہ کان میں گیس لیکیج کے بعد دم گُھٹنے کے باعث پیش آیا، جاں بحق افراد کی میتوں کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کیا جائے گا۔
ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے کہا کہ محکمہ مائینز اینڈ منرل کی ابتدائی رپورٹ موصول ہوچکی ہے، واقعہ نجی مائنز کمپنی کی کوئلہ کان میں زہریلی گیس پھیلنے کے باعث پیش آیا، واقعہ کی مکمل رپورٹ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پیش کردی جائے گی۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والی مائنز کیخلاف فوری طور پر کارروائی کا حکم دے دیا۔