عمران خان نے آگے بڑھنا ہے تو مذاکرات کرنا پڑیں گے: رانا ثناء اللہ

Published On 03 June,2024 11:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں آگے بڑھنا ہے تو سیاست دانوں سے مذاکرات کرنا پڑیں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کے پاس مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، میری اسیسمنٹ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ مذاکرات نہیں کرے گی، اداروں نے تو مداخلت بند کر دی اب جھگڑا کس بات کا ہے؟ سیاست توسیاست دانوں نے کرنی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی نے جرم سر زد کیا، وہ قصوروار ہیں، بانی پی ٹی آئی نے دنیا کے سامنے سائفر کے مواد کو ڈسکس کیا، کیس کے صحیح ہونے میں کوئی شک نہیں، کسی چیزکا سیاسی طور پر فائدہ یا نقصان علیحدہ چیز، کیس کے میرٹ سیاسی نہیں ہوتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیس کے ٹرائل میں کوئی بے ضابطگی یا جلد بازی ہوئی تو ریمانڈ ہونا چاہئے تھا۔