لاہور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان اگر تحریک انصاف کے بیٹھے تو یہ قیامت کی نشانی ہوگی۔
گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی مجبوریوں کا احساس ہے، اب ان کے سخت جملوں کا جواب نہیں دوں گا، ان سے کہوں گا مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں تعلیم کیلئے 3 ارب روپے رکھے تھے مگر خرچ ایک روپیہ نہیں کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ اگر مولانا تحریک انصاف کے ساتھ بیٹھے تو یہ قیامت کی نشانی ہوگی، ہم تو انتظار کررہے ہیں کہ مولانا اور گنڈا پور ایک ٹرک پر عوام سے خطاب کریں۔