مہنگائی 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، عالمی ادارے بھی تسلیم کررہے: عظمیٰ بخاری

Published On 05 June,2024 01:06 pm

لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گزشتہ 5 ماہ کے دوران ملک میں مہنگائی 37 سے 11 فیصد پر آگئی ہے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بلوم برگ،ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی حالیہ رپورٹس مسلم لیگ ن کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، بلوم برگ نے کہا حیران کن طور پر پورے ایشیا میں پاکستان واحد ملک ہے جہاں 5 ماہ میں مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے بھی حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہا ہے، بلوم برگ کے مطابق 9 سال بعد پہلی بار آٹا،گھی،سبزیوں اور پٹرول کی قیمت میں بڑی کمی ہوئی، یہ سب اللہ تعالیٰ کی مدد اور میاں نوازشریف کی لیڈرشپ کوالٹی سے ممکن ہوا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف اور مریم نواز کی مسلسل محنت رنگ لائی ہے، شہبازشریف اور مریم نواز ملک کو دوبارہ ٹریک پر لانے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈرشپ کا ایجنڈا معیشت کی بحالی،بیروزگاری اور مہنگائی خاتمہ اور سرمایہ کاری لانا ہے، انتشاری ٹولے کا ایجنڈا ملک میں افراتفری پھیلانا اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس نے کسی کو این آر او نہیں دینا تھا وہ خود این آر او کے لیے ہر دروازہ کھٹکھٹا رہا ہے، انتشاری ٹولے کے سرغنہ کا مشن خود کو اور اپنی بیوی کو جیل سے نکالنا ہے، ان کی پاکستان مخالف مہم کا ایجنڈا صرف "این آر او"ہے۔