ملک میں نیچے سے اوپر تک کرپشن، بے لاگ احتساب کی ضرورت ہے: گورنر پنجاب

Published On 03 June,2024 07:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال ہمیشہ کی طرح مشکلات کا شکار ہے۔

گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کو بجلی اور گیس نہیں مل رہی، کوئی سرمایہ کار بنگلادیش، کوئی دبئی چلا گیا، ملک میں کبھی زراعت پر توجہ نہیں دی گئی۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ کسان بیچارے مہنگی بجلی پر لڑتے ہیں، اپنی مرضی سے سزا اور جزا دینے سے ملک کا نقصان ہوا، جب تک سزا اور جزا کا عمل بہتر نہیں کیا جاتا بہتری نہیں ہوگی، کوئی شک نہیں نیچے سے اوپر تک کرپشن ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بڑے منصوبوں پر کروڑوں کھا لئے جاتے ہیں اور ثابت ہی نہیں کیا جاسکتا، احتساب کا قانون ایسا ہونا چاہئے جج، جرنیل، سیاست دان جو بھی ہو اسے سزا ملنی چاہئے، سزا اور جزا کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران میں لوگوں کو چوراہوں پر لٹکایا گیا، ہماری خواہش ہے یہ ملک ہمارے سامنے ہی ٹھیک ہوجائے، زراعت کی ریسرچ کے لئے جو بجٹ دیا جاتا ہے وہ جیبوں میں چلا جاتا ہے، میری رائے میں بے لاگ احتساب کی ضرورت ہے، جب تک 50 سے100 لوگ مثال نہیں بنیں گے ملک ٹھیک نہیں ہوگا۔

سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک میں انویسٹمنٹ کرنا چاہتے ہیں، جب وہ انویسٹمنٹ کرنا چاہتے ہیں تو پاکستان میں لوگ منہ کھول کر بیٹھے ہوتے ہیں، اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری کرنے سے پھر بھاگ جاتے ہیں۔