کراچی: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات اپنی جگہ درست ہیں، وہ اپنے تحفظات کو ٹیبل پر لائیں لیکن کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے ملک کا نقصان ہو۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزار قائد پر حاضری دی، گورنر پنجاب نے مزار قائد پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی بھی کی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ قائداعظم نے اپنی محنت سے ہمیں پاکستان جیسا تحفہ دیا، میں نوڈیرو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر بھی جاؤں گا۔
مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سینئر لیڈر ہیں، گھر میں بھی 6 لوگوں کے درمیان گلہ شکوہ ہوجاتا ہے، مولانا صاحب کی نمائندگی موجود ہے، اسمبلی میں بیٹھ کر کمی کوتاہیوں کو دور کرنا چاہیے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے انتشار کی سیاست کرتی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا مودی سے ہاتھ ملا لوں گا پاکستان کے سیاستدانوں سے نہیں۔