اسلام آباد: (دنیا نیوز) نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں پل کا کردار ادا کروں گا، پوری کوشش ہے کہ پنجاب سے متعلق مشکلات کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کروں۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور فریال تالپور کا اعتماد کرنے پر شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب سے سیاست شروع کی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوں، امید ہے جب تک ہوں پی پی میں رہوں گا۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ گندم بحران کے حوالے سے میرے پاس مصدقہ اطلاعات نہیں، نگران حکومت یا کوئی اور سیاسی جماعت ملوث تھی یا نہیں مجھے معلوم نہیں، گندم کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور کسان اتحاد سے بھی ملاقات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ مجبوری کے تحت ہم نے اتحاد کیا اور آگے بھی مل کر ہی چلیں گے، ہمارے تقریباً 50 فیصد ورکرز اس اتحاد کو ایڈمٹ کر چکے ہیں۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ بلاول بھٹو کے امیدوار تھے یا آصف علی زرداری کے؟ جس کے جواب میں نامزد گورنر پنجاب نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کا امیدوار تھا۔