لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاک سعودی تعلقات اور سعودی سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کا سعودی عرب سے محبت اور عقیدت کا رشتہ ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، سعودی عرب کا بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری اور موجودہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں پرعزم ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) غیرملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو پلیٹ فارم کے تحت سہولیات فراہم کر رہی ہے، مسلم امہ کو فلسطینی عوام پر اسرائیلی فوج کی بربریت اور جارحیت کے خلاف بین الاقوامی فورمز پر آواز اٹھانی چاہیے۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے، سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی افرادی قوت کا کردار قابل تعریف ہے۔