اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو باہمی تعاون سے سیاسی مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) کی رہائشگاہ پر پہنچے جہاں مولانا فضل الرحمان نے ان کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں مولانا عطاء الرحمان، مولانا عبد الواسع و دیگر بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور سربراہ جے یو آئی کی دینی خدمات کو سراہا، شہباز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ جمہوری اقدار کی حفاظت کیلئے پر امن جد وجہد کو فروغ دیا۔
وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو سیاسی مسائل کے باہمی تعاون سے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں بجث 2024ء کے حوالے سے بھی میاں شہباز شریف نے حمایت طلب کی، مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو فروری الیکشن نتائج بارے تحفظات سے ایک مرتبہ پھر آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں جمہوریت، شفاف انتخابات اور آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہم چاہتے تھے تمام جمہوری قوتیں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے مل کر اپنا کردار ادا کریں، جمہوریت کیلئے آپ کی خدمات کے معترف ہیں۔