اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کو سراہا جو مشترکہ اقدار، تاریخ اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم اور ترک صدر نے خطے اور عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدر کا رابطہ، عید کی مبارکباد دی، نیک تمناؤں کا اظہار
انہوں نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے مصائب کے خاتمے کے لئے امن کی کوششوں کو دوگنا کرے، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت کے لئے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم اور ترک صدر کے درمیان بات چیت پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات اور آنے والے دنوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا ثبوت تھی، اس مقصد کے لیے، وزیراعظم نے صدر اردگان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا تاکہ اس موقع پر اعلیٰ سطح کے سٹریٹجک کنسلٹیٹو کونسل (HLSCC) کا ساتواں اجلاس بلایا جا سکے۔