رانا ثناء سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

Published On 22 June,2024 11:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق سے ملاقات ہوئی جس میں آئندہ بجٹ اور آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی کاموں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے مسلسل حمایت پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد گڈ گورننس اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔

چودھری انوار الحق نے کہا ہے کہ گزشتہ 5 سالوں سے بجٹ گرانٹ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، سالانہ ترقیاتی منصوبوں کا ہدف پورا کرنے کے لیے بجٹ گرانٹ میں اضافہ کیا جائے، موجودہ سیاسی و سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے لیے بجٹ گرانٹ میں اضافہ کیا جائے۔

اس موقع پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بجٹ گرانٹ میں اضافے کی تجویز پر مثبت غور کیا جائے گا، حکومت آزاد جموں و کشمیر کی معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ضروری تعاون فراہم کریں گے، وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گی۔