لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماو سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اگرنوازشریف کی حکومت بن جاتی تواگلے دوسال میں ملک سیاسی ومعاشی بحران سےنکل جاتا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے مینارپاکستان جلسےمیں کہا تھا سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، مسلم لیگ(ن) کوسادہ اکثریت مل جاتی توملک کےلیےبہت بہترہوجاتا،قوم نے نوازشریف کوسادہ اکثریت نہ دے کرغلط کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےالیکشن میں کسی امیدوارکےکاغذات نامزدگی نہیں چھینے تھے، اس معاملےکوبڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، 2017 اور 2018 میں ملک کےخلاف سازش ہوئی، اس سازش نےملک کوسیاسی ومعاشی عدم استحکام کی طرف دھکیلا، مہنگائی کی وجہ سےلوگ ہم سے بڑے ناراض تھے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)ایک بڑی حقیقت ہے، بانی پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ بھی ایک حقیقت ہے، تینوں حقیقتوں کے بیٹھے بغیر بات نہیں بنے گی، اگرمعاشرے کی حقیقتیں دست وگریباں رہیں گی توپھرتباہی ہی آئےگی۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دوسال سےکہہ رہا ہوں پی ٹی آئی ایک فتنہ ہے، یہ ملک کو کسی حادثےسے دو چار کردے گا، ملک کوبحرانوں سےنکالنے کے لیے سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔