لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے لاہور کے مختلف علاقوں کے طوفانی دورے کئے۔
لاہور پہنچتے ہی وزیراعلیٰ مریم نواز کے مختلف علاقوں کے ہنگامی دوروں کے دوران کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر انتظامی افسروں کی دوڑیں لگ گئیں، مریم نواز نے ہدایت کی کہ کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر انتظامی افسران فیلڈ میں رہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں پانی کی نکاسی کو بروقت بنایا جائے، عید پر صفائی مہم کی طرح نکاسی آب کے لئے سیف سٹی ٹیکنالوجی کے ساتھ استعمال کریں، سیف سٹی کیمروں اور ڈرون کے ذریعے چیک کریں کہیں پانی تو جمع نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ سے ہر آدھے گھنٹے بعد صورتحال کی مانیٹرنگ رپورٹ طلب کرلی، وزیراعلیٰ نے ہوائی اڈے سے شادمان، فیروز پور روڈ، ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی کے علاقوں کا معائنہ کیا، اندرون و بیرون شہر کی سڑکوں اور گلی محلوں کا ذاتی طور پر مشاہدہ کیا۔
مریم نوازشریف نے سڑکوں، چوراہوں، بازاروں کا بھی معائنہ کیا، وزیراعلیٰ قذافی سٹیڈیم پہنچ گئیں، قذافی سٹیڈیم میں پانی کے فوری نکاس اور اضافی واٹر پمپس پہنچانے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے واسا کے عملے سے ملاقات کی، محنت سے کام کرنے پر شاباش بھی دی۔
وزیراعلی نے مختلف جگہوں پر گاڑی رکوائی اور نکاسی آب کے کام کا خود معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے گلی محلوں اور راستوں پر نکاسی آب کا بھی جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے غیرمعمولی بارشوں کے حوالے سے موقع پر پہنچ کر جاری آپریشن اور انتظامات کا جائزہ لیا، شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کی صورتحال کی معلومات لیں۔