لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں آٹے کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کا حکم دے دیا۔
وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ آپریشن کی ہدایت جاری کر دی، محکمہ خوراک آٹے اور گندم کی مارکیٹ سپلائی کو مزید بہتر بنا رہا ہے۔
بلال یاسین نے کہا کہ آٹے کی مصنوعی قلت یا قیمت بڑھانے پر فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے، آٹے اور گندم کے وافر ذخائر کے باوجود قیمت میں اضافے کی کوشش غیر فطری ہے۔
وزیر خوراک نے کہا کہ پنجاب فلور ملز کو گرائنڈنگ عمل مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دیں، صوبائی دارالحکومت سمیت متعدد اضلاع میں آٹے کی سپلائی بڑھائی گئی ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آٹے کی سپلائی بڑھانے سے قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو فی الفور دور کیا جائے۔