اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دار الحکومت میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے مسلح افواج سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پالیسی بنا لی، جس کے مطابق نالوں کی صفائی، نگرانی اور ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں گے۔
اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں ٹرپل ون بریگیڈ کے نمائندے بھی شریک ہوئے، اجلاس میں مون سون کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مون سون سے قبل نالوں کی صفائی یقینی بنائے جائے گی، نالوں کی صفائی مشترکہ طور پر کی جائے گی، یونین کونسلز میں نکاسی آب کے لیے آلات کی فراہم کیے جائیں گے۔
اجلاس کے فیصلے کے مطابق مختلف علاقوں میں ریسکیو کیمپس بھی لگائے جائیں گے، نالوں کے اوپر سے تجاوزات ہٹانے کے لیے آپریشنز بھی کیے جائیں گے، بارش کے دوران نشیبی علاقوں اور نالوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی، واٹر لیول بڑھنے کی صورت میں راول ڈیم کے سپل ویز کھولے جائیں گے۔