اسلام آباد: (دنیا نیوز) انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے 6 جولائی کو ہونے والے جلسے کا این او سی معطل کر دیا جس کیخلاف پی ٹی آئی نے عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں سکیورٹی خدشات کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ایک سیاسی جماعت دعوت کے باوجود اجلاس میں شریک نہ ہوئی، اجلاس میں جلسے سے متعلق درخواستوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کی طرف سے دی جانے والی جلسے کی اجازت کا موجودہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں از سر نو جائزہ لیا گیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے درخواستوں، موجودہ صورت حال، محرم الحرام کی آمد، سکیورٹی خدشات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارشات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جلسے کا این او سی معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ جلسے کے این او سی کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کیا گیا ہے، اسلام اباد میں امن عامہ کو برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری ترجیح ہے۔
شہریوں کی درخواست منظر عام پر
تحریک انصاف کے جلسہ کے لئے این او سی کی منسوخی کے لئے اہل علاقہ کی ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو دی گئی درخواست بھی سامنے آگئی۔
اہل علاقہ کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جس جگہ جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے وہ ہماری ذاتی جگہ ہے اور پاس ہمارے گھر ہیں، ہمارے گھروں میں بزرگ ہیں جن میں سے کافی بزرگ بیمار ہیں جن کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال لے جانا ہوتا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جلسے کی وجہ سے آمد و رفت متاثر اور مریضوں کو پریشانی ہو گی، محرم الحرام کے احترام میں شہریوں کے حقوق کو سلب ہونے سے بچایا جائے۔
پی ٹی آئی کا عدالت جانے کا فیصلہ
اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کے جلسے کے این او سی کی منسوخی پر پی ٹی آئی نے عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا۔
اسد قیصر نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم توہین عدالت کا کیس عدالت میں دائر کرینگے، این او سی منسوخ کرنا، غیر قانونی ہے، پاکستان تحریک انصاف کا کل ہونے والا جلسہ ہر صورت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کی اجازت پر کل ہم نے جلسے کا اعلان کیا ہے، این او سی منسوخ کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی دیگر رہنماؤں کے ساتھ مشاورت جاری ہے، احتجاج کرنا ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔
پولیس کا انتظامیہ کے فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی جلسے پر انتظامیہ کے فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے، پولیس حکام کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے 6 جولائی کو سیاسی پارٹی کے جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا ہے، اجازت نامہ کے بغیر کسی جلسے کی اجازت نہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، اسلام آباد پولیس شہر میں ہر صورت امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے گی۔