محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے عاشورہ کی تیاری اور پرامن انعقاد کیلئے اہم پیشرفت

Published On 15 July,2024 09:33 am

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے عاشورہ کی تیاری اور پرامن انعقاد کیلئے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

محکمہ داخلہ نے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز سے مکمل تیاری کے تصدیقی سرٹیفکیٹ حاصل کر لئے۔

رپورٹ کے مطابق جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کر لی گئی، لائیو مانیٹرنگ روم بھی قائم ہو چکے، پنجاب بھر کے کیمروں کی لائیو فیڈ محکمہ داخلہ کے سینٹرل کنٹرول روم سے منسلک کر دی گئی۔

پنجاب بھر میں جلوس کے راستوں پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دورے مکمل کر لئے گئے، تمام مجالس اور جلوسوں کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا، فوج اور رینجرز کے خصوصی دستوں کی تعیناتی، نقل و حمل اور قیام کا اہتمام بھی ہو چکا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبہ بھر میں جلوسوں کے راستوں سے تجاوزات اور ملبہ ہٹا دیا گیا، پیچ ورک بھی مکمل ہو چکا ہے۔

صوبہ بھر میں ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 اور میڈیکل کیمپ لگ گئے، ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس اور امن کمیٹی کے اجلاس بھی ہو چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق محکمہ داخلہ کے ڈیش بورڈ میں تمام مجالس اور جلوسوں کی معلومات اپ لوڈ ہو رہی ہے۔