حکومت نوجوانوں کے جدیدہنر، پیشہ ورانہ تعلیم میں سرمایہ کاری کیلئے پُرعزم ہے:وزیراعظم

Published On 15 July,2024 01:01 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ حکومت نوجوانوں کے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تعلیم میں سرمایہ کاری کیلئے پُر عزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ ہنر برائے نوجوانان (World Youth Skills Day) کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہمارے باصلاحیت نوجوان ہیں، پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے، ترقی یافتہ قومیں اپنے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں سرمایہ کاری کرتی ہیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت اپنے نوجوانوں کو جدید تعلیم، یکساں ترقی کے مواقع کے ساتھ ساتھ دنیا سے مقابلہ کرنے کیلئے جدید پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کر رہی ہے، حال ہی میں اپنے دورہ چین کے دوران نہ صرف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 3 لاکھ بلکہ جدید زراعت کیلئے 1 ہزار نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کیلئے بھیجنے کا اقدام حکومت کے اسی عزم کا اعادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں نہ صرف خواتین بلکہ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے، قومی سطح پر بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی پروگرامز جاری ہیں جہاں سے فارغ التحصیل لاکھوں طلباء پاکستان اور پاکستان سے باہر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہبازشریف نے کہا کہ نیوٹیک (NAVTTC) کے تحت اداروں کی اصلاحات کے عمل کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، نیوٹیک اور اسکے شراکتی اداروں کے ساتھ مل کر حکومت ہزاروں نوجوانوں کو مارکیٹ ایبل ہنر و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نوجوانوں کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی اور باوقار روزگار کیلئے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تربیت یقینی بنائیں گے ، حکومت نوجوانوں کے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تعلیم میں سرمایہ کاری کیلئے پُر عزم ہے۔

 







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے