اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ شفقت محمود کی سیاست پیپلزپارٹی سے شروع ہوئی پھر مشرف سے ہوتی ہوئی شہباز شریف اور پی ٹی آئی پر ختم ہوئی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شفقت محمود کو 1964ء سے جانتا ہوں، مجھے ان سے 50/55 سال قریبی دوستی کی غلط فہمی بھی رہی، اس دوران بہت سے اچھے برے کام اکٹھے کئے، برے زیادہ اور اچھے کم کئے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کابینہ نے مجھ پر آرٹیکل 6 لگایا تو موصوف نے میرے خلاف دھواں دھار پریس کانفرنس کی، میرے اقامے اور بیرون ملک تنخواہ کو اس کی وجہ بتایا، میں نے ایف آئی اے کی انکوائری بھگتی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ میرا اقامہ، تنخواہ اور کاروبار سب 30 سال سے ڈیکلیئرڈ تھے، انکوائری نمٹ گئی مگر کچھ لوگ تو پہچانے گئے لیکن نصف صدی لگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب شہباز شریف کیساتھ تھے تو عمران خان کے خلاف بڑی اچھی انگریزی میں کالم لکھتے رہے، مشکل وقت میں تعلق نبھانا، ڈی این اے میں وفاداری اور حوصلہ ہونا اللہ کی عطا ہے۔