عمران خان، بشریٰ بی بی کو جیل میں اعلیٰ کلاس کی سہولتیں فراہم کرنیکی درخواست دائر

Published On 22 July,2024 06:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کو جیل میں بین الاقوامی قوانین کے تحت سہولیات فراہم کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔

چیئرمین جوڈیشل ایکٹیویزم پینل اظہر صدیق نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور دیگر سیاسی قیدیوں کو اعلیٰ کلاس کی سہولیات فراہم کی جائیں، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے جیل سیل اور فراہم کردہ سہولیات سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے۔

دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی کہ جیل انتظامیہ کو سہولیات سے متعلق بین الاقوامی کنونشنز، آئینی شقوں، جیل رولز وغیرہ پر من و عن عملدرآمد کے احکامات دیئے جائیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے جیل آنے والوں کی مکمل فہرست، ملاقات کا دورانیے سے متعلق رپورٹ طلب کی جائے۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ پوچھا جائے کہ آیا بانی پی ٹی آئی کو کبھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، اگر ہاں تو کیا جواز ہیں، درخواست کے زیر سماعت ہونے تک فریقین سے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ طلب کی جائے۔

درخواست میں سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب، نیب، ایف آئی اے اور آئی جی اسلام آباد کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔