لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہمی کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر بطور اعتراض سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹانے کے بعد مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، میرے خلاف درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ تمام مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست پر رجسٹرار آفس لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی دستاویزات پر انگوٹھے کے نشان نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے بشری بی بی کیخلاف درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہمی کیلئے درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست کو کل سماعت کے لیے لگانے کی ہدایت کر دی۔