لاہور: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ دینے کے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہو گئیں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوارالحق پنوں پر مشتمل دو رکنی بینچ 22 جولائی کو سماعت کرے گا، لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔
بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں 12 درخواستیں دائر کر دیں، جن میں موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور اے ٹی سی نے جسمانی ریمانڈ دیتے وقت ریکارڈ کا درست جائزہ نہیں لیا۔
درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ جیل میں قید ہوں پولیس پہلے بھی تفتیش کر چکی ہے، جسمانی ریمانڈ دیتے وقت قانون کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا، لاہور ہائیکورٹ اے ٹی سی کی جانب سے 12 مقدمات میں دیا گیا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے۔