اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک انتشار کے سرغنہ نے بالآخر 9 مئی کے واقعہ میں سہولت کاری اور منصوبہ سازی کا اعتراف جرم کر ہی لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست ہمیشہ تشدد اور شرپسندی کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانے کے گرد گھومتی رہی ہے، انہوں نے ہمیشہ لاشوں پر سیاست کی، 9 مئی کو 200 سے زائد فوجی تنصیبات اور جی ایچ کیو پر حملے کئے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کور کمانڈر ہاﺅس کے باہر عمران نیازی کے خاندان کے لوگ موجود تھے جو حملوں کی ہدایات دیتے رہے، زمان پارک دہشت گردوں کا تربیتی ہیڈ کواٹرز بنا رہا جہاں پٹرول بم تیار کئے جاتے اور ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی رہی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے، ملک کو ڈیفالٹ کرانے، سائفر لہرانے کی سازش سے لے کر شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، انہوں نے ہر وہ کام کیا جو ملک دشمن بھی نہ کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس شرپسند، انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تقاضا ہے۔