لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر بچے کی بہترین علاج تک رسائی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں وائس چیئرمین چائلڈ لائف فاؤنڈیشن محمد سہیل ٹبہ، چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر احسن ربانی شامل تھے، وفد نے ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن اور خدمات کو سراہا۔
ملاقات میں پنجاب بھر میں بچوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اشتراک کا جائزہ لیا گیا جبکہ ہسپتالوں میں سیکنڈ شفٹ کے اجراء کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا، بیسک چائلڈ ہیلتھ کیئر سٹرکچر میں بہتری کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بہترین ہیلتھ سروسز کی فراہمی کیلئے طبی عملے کو تربیت دینے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور دور دراز علاقوں میں چائلڈ ہیلتھ سے متعلق ٹیلی میڈیسن اور ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز کے آغاز پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ بچوں کی صحت اور تندرستی سب سے اہم ہے، پنجاب میں ہر بچے کی بہترین علاج تک رسائی کیلئے اقدامات کررہے ہیں، معصوم بچوں کی زندگیاں بچانے اور بہتر ہیلتھ سروسز فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وائس چیئرمین چائلڈ لائف فاؤنڈیشن محمد سہیل ٹبہ نے کہا کہ پنجاب میں شعبہ صحت میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں 159 ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، کوالٹی ایمرجنسی کیئر کی بدولت بچوں کی اموات میں 50 فیصد کمی آئی ہے، ایمرجنسی رومز میں 24 گھنٹے مفت سروسز فراہم کی جاتی ہیں۔
ملاقات میں سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔