کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بات کرنے کے لیے آگے بڑھیں، لڑائیوں سے کبھی کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا، تمام مسائل کا حل ڈائیلاگ ہے۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان ڈھائی ڈھائی سال حکومت کرنے کا معاہد ہوا یا نہیں مجھے اس بات کا علم نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئیں مل کرمعاملات کو سلجھائیں، حکومت کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش
خورشید شاہ نے کہا کہ خبریں چل رہی ہیں بانی پی ٹی آئی بات کرنے کے لئے تیار ہیں، اچھی بات ہے عمران خان بات کرنے کے لئے آگے بڑھیں۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ صدر مملکت آصف زرداری کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ تمام مسائل کا حل ڈائیلاگ کے ذریعے نکالا جائے، پیپلز پارٹی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت بہت برے حالات میں ہے، معیشت کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، میں ایک سیاستدان ہوں معافیوں کی بات نہیں کرتا، 9 مئی کے واقعے میں ملوث افراد کو معافی مانگنے کی ضرورت ہے، بانی پی ٹی آئی اگر 9 مئی واقعے میں ملوث نہیں تو وہ مذمت کریں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا طرز عمل غیر سیاسی، بیرسٹر گوہر نے مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی
خورشید شاہ نے کہا کہ 90 دن میں الیکشن کو موخر کرنے کی وجہ سے ملک کی تباہی سب کے سامنے ہے، پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ اسمبلیاں چلیں، پیپلز پارٹی ایک قانون اور دستور کے تحت چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری کے پاس یہ اختیار نہیں کہ وہ کسی کارکن یا پھر عہدیدار کو عہدے سے ہٹائے۔