اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت اور جماعت اسلامی میں مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، حکومتی مذاکراتی ٹیم نے جماعت اسلامی کی کمیٹی سے ملاقات کی۔
حکومت کمیٹی میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ، انجینئر امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور بدر شہباز شامل تھے، جماعت اسلامی نے فوری دھرنا ختم کرنے کی حکومتی درخواست مسترد کردی۔
عطا تارڑ نے حکومتی مذاکراتی ٹیم میں تبدیلی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر توانائی اویس لغاری ملک میں موجود نہیں، وہ چین گئے ہوئے ہیں۔
مہنگائی اور بھاری بجلی بلوں کیخلاف جماعت اسلامی کا راولپنڈی میں دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہا، خواتین اور کارکنوں نے لیاقت باغ میں ڈیرے جمائے رکھے ہیں، مری روڈ کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔